تیسری لہر :مختلف ریاستوں میں 9ہزار بچے متاثر

,

   

بچوں میں نئے انفیکشن کے بڑھتے کیسوں پر حکام فکرمند ۔ ماہرین سے صلاح و مشورہ

نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا اثر ابھی پوری طرح تھما بھی نہیں ہے کہ تیسری لہر کی آہٹ نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ تیسری لہر کے تعلق سے پہلے ہی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ بچوں کیلئے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ کورونا کے اعداد و شمار پر نظر دوڑائیں تو تاحال مختلف ریاستوں میں کئی ہزار بچے نئے کورونا انفیکشن کی زد میں آچکے ہیں۔ تشویش اس بات پر ہے کہ اگر یہ انفیکشن بڑے پیمانے پر پھیل جائے تو کیا صورتحال پیدا ہوجائے گی۔ چنانچہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے وبائی امراض کے انسداد کیلئے ماہرین سے صلاح و مشورہ شروع کردیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اگر ہم کورونا کے اعداد و شمار پر نگاہ ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ مہاراشٹرا میں تیسری لہر بھی خطرناک ہوسکتی ہے۔ مہاراشٹرا کے احمد نگر میں صرف مئی کے مہینے میں 9 ہزار بچے کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ بچوں میں کورونا کے بڑھتے واقعات نے اب محکمہ صحت کے ہوش اُڑا دیئے ہیں۔ بچوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس دوران جنوبی ہند میں مارچ اور مئی کے درمیان 37,332 بچے کورونا کی زد میں آئے۔ملک میں اب کورونا سے اموات میں کمی درج کی جا رہی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا سے 2713 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ پچھلے ایک مہینے میں یہ سب سے کم اموات ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1,32,364 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 2,07,071 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا کے 16,35,953ایکٹو معاملے ہیں۔ حکومت کے جاری کردہ کورونا گائڈ لائنس پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ہم کورونا کو مات دے سکتے ہیں۔ کورونا سے لڑائی میں ٹیکہ کاری کے عمل میں تیزی اختیار کی جا رہی ہے۔ اب تک 22 کروڑ 41 لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے۔

جیوتی کی تعلیمی ذمہ داری اٹھانے پرینکا کا اعلان
نئی دہلی : جیوتی پاسوان وہ لڑکی ہے جس نے گزشتہ برس کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے بیمار باپ کو سائیکل پر بٹھا کر 1200 کیلو میٹر کا سفر طئے کرایا اور اسے دہلی سے دربھنگہ بخیریت منتقل کیا تھا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج اعلان کیا ہیکہ جیوتی کی مکمل تعلیم کی ذمہ داری وہ نبھائیں گی۔ جیوتی کے والد کی گزشتہ دنوں حرکت قلب بند ہوجانے سے موت ہوگئی۔ اب اس بچی کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں اور وہ یتیم ہوچکی ہے۔ پرینکا نے اس باہمت بچی کے والد کی موت کی خبر سن کر فوری دربھنگہ میں کانگریسی قیادت سے رابطہ کیا اور جیوتی کی تمام تر تعلیم کا خرچ برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جیوتی نے پرینکا گاندھی سے اظہارتشکرکیا اور کہا ہیکہ وہ اب خوب دل لگا کر پڑھے گی اور ملک و قوم کے کام آئے گی۔