کے چندر شیکھر راؤ جنوبی ہند کے ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلسل تیسری مرتبہ بی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی ۔ کے چندر شیکھر راؤ جنوبی ہند میں ہیٹ ٹرک چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ کے سی آر کی قیادت میں حیدرآباد بڑی تیزی سے عالمی سطح کے شہر کے طرز پر ترقی کررہا ہے ۔ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر میں کے ٹی آر نے مختلف ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا ۔ جی او نمبر 118 کے تحت باقاعدہ کیے جانے والے پٹہ جات عوام کے حوالے کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد صرف 6 ماہ تک سیاست کرنا کافی ہے ۔ ماباقی ساڑھے چار سال ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ کام کرنے والی حکومت کا عوام ہمیشہ احترام کرتے ہیں اور انہیں دوبارہ کامیاب بناتے ہیں ۔ اسی بھروسہ اور اعتماد سے 415 کلومیٹر تک میٹرو ریل کو توسیع دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ کے ٹی آر نے ایک مشہور کہاوت ’شادی کر کے دیکھو اور مکان تعمیر کر کے دیکھو ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر حکومت نے جہاں غریب عوام کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرایا ہے وہیں بڑے پیمانے پر غریب لڑکیوں کی شادیاں بھی کرائی ہے ۔ شہر میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات مکمل ہوئی ہے ۔ 15 اگست سے اکٹوبر تک تمام مکانات کو غریب عوام میں تقسیم کردیا جائے گا ۔ ہر اسمبلی حلقہ کے لیے 4 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات مختص کئے جارہے ہیں ۔ گروہا لکشمی اسکیم کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں اس اسکیم سے 3 ہزار خاندانوں کو فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ آئندہ 100 سال کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد کو ترقی دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ 70 کلو میٹر پر مشتمل میٹرو ریل کو 314 کلومیٹر تک توسیع دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ کے اطراف 159 کلومیٹر تک میٹرو ریل کو توسیع دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کابینہ میں منظوری دی گئی ہے ۔۔ ن
