تیسری ٹرین 64.24 ٹن آکسیجن کے ساتھ حیدرآباد پہنچ گئی

   


یدرآباد۔ تیسری آکسیجن ٹرین چہارشنبہ کو حیدرآباد کے صنعت نگر گڈس کامپلکس پہنچی۔اس ٹرین کے ذریعہ 64.24 میٹرک ٹن آکسیجن حیدرآباد کو پانچ ٹینکرس میں لائی گئی۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے خالی ٹینکرس 9 مئی کو اوڈیشہ بھیجے گئے تھے ۔اس ٹرین کے اپنی منزل پر تیز تر اور بروقت پہنچنے کو یقینی بنانے کیلئے ریلویز نے اس ٹرین کی بلاوقفہ اور تیز تر نقل وحرکت کو یقینی بنانے کیلئے گرین کار یڈار کا انتظام کیا تھا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر گجانند مالیا نے آکسیجن ایکسپریس ٹرین کے بروقت پہنچنے اور رکاوٹ سے پاک آکسیجن کی فراہمی کے سلسلہ میں ریلویز کے عہدیداروں کی ستائش کی۔تیسری آکسیجن اکسپریس اوڈیشہ کے انگول سے روانہ ہوئی اور 1213کیلو میٹر کا سفر صرف 27 گھنٹوں میں پورا کرتے ہوئے حیدرآباد پہنچی۔ ٹرین کی رفتار 45 کیلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ ریلویزکی جانب سے اعظم ترین رفتار اور راستوں کی تمام رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے آکسیجن کے بروقت حیدرآباد پہنچنے کیلئے مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔ انڈین ریلویز کی جانب سے ملک بھر میں آکسیجن کی سربراہی کیلئے آکسیجن اکسپریس ٹرینوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کورونا وباء کے ملک میں بحران کی اس گھڑی میں مریضوں کو ملک کے مختلف حصوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے آکسیجن کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔