تیسرے اور چوتھے مرحلہ کیلئے 36,884 ڈبل بیڈروم مکانات مختص

   

2 اور 5 اکٹوبر کو وزراء جی ایچ ایم سی کے اسمبلی حلقوں میں مکانات کی تقسیم

حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں غریب عوام کو تیسرے اور چوتھے مرحلہ کے تحت مزید 36,884 ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ہر غریب عوام کو ڈبل بیڈروم مکان تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعہ خوش نصیب غریب عوام کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ عمل مکمل شفاف ہے اس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 اکٹوبر کو تیسرے اور 5 اکٹوبر کو چوتھے مرحلہ کے تحت گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شامل 24 اسمبلی حلقوں کے غریب و مستحق عوام میں یہ مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ ان تقریبات میں وزراء شامل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معذورین کیلئے 1843 ایس سی طبقہ کیلئے 6271 اور ایس ٹی طبقہ کیلئے 2215 اور دیگر کیلئے 26,555 مکانات مختص کئے گئے ہیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ جن مقامات پر ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں، وہاں کے مقامی عوام کیلئے 2920 مکانات مختص کئے گئے ہیں۔ مکانات کی تقسیم ہمیشہ برقرار رہنے والی اسکیم ہے۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 9600 کروڑ روپئے کے مصارف سے ایک لاکھ مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں، جس میں 70 ہزار مکانات تقسیم کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ماباقی مکانات کیت عمیرات آخری مراحل میں ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے صرف 30 فیصد سبسیڈی کے ساتھ سنگل بیڈروم مکانات تقسیم کئے تھے۔ بی آر ایس حکومت صدفیصد سبسیڈی کے ساتھ مفت ڈبل بیڈروم مکانات غریب عوام میں تقسیم کررہی ہے۔ن