تیسرے محاذ کیلئے عنقریب ایجنڈہ کا اعلان: کے سی آر

   

شرد پوار کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ، این سی پی قائد کی تلنگانہ کو تائید کا تذکرہ
حیدرآباد۔/20 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ممبئی میں این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ ملک میں مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری کیلئے عنقریب ایجنڈہ کا اعلان کیا جائے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے سی آر نے شرد پوار کو ملک میں انتہائی تجربہ کار اور سینئر سیاستداں سے تعبیر کیا اور کہا کہ 1969 کی علحدہ تلنگانہ تحریک کی شرد پوار نے تائید کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت سے ہی وہ آج تک تلنگانہ کی تائید جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرد پوار کو انتہائی کم عمری میں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ شرد پوار ملک کے ایک سینئر قائد ہیں ملک کو صحیح راستہ پر گامزن کرنے میں وہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ملک اپنا راستہ بھٹک چکا ہے۔ آزادی کے 75 سال گذرنے کے باوجود ملک میں بہتر حکمرانی نہیں ہے اسی لئے ہم نے ملک کیلئے مناسب ایجنڈہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں شرد پوار کی تائید کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ یقینی طور پر میں ان کے ساتھ ملکر کام کروں گا۔ کے سی آر نے کہا کہ عنقریب ہم دوبارہ ملاقات کریں گے۔ دیگر قائدین سے بات چیت کے بعد ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ تمام کو ساتھ لے کر چلیں گے اور چند دنوں بعد عوام کے روبرو ایجنڈہ کا اعلان کیا جائے گا۔ ہماری حکمت عملی کیا ہوگی اس کا عنقریب انکشاف کیا جائے گا۔ر