تیسرے مرحلہ کی پولنگ کیلئے انتخابی مہم کا اختتام

,

   

۔115 نشستوں کیلئے کل رائے دہی ۔ امیت شاہ ‘ راہول گاندھی اہم امیدوار
نئی دہلی 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں تیسرے مرحلے کی رائے دہی کیلئے انتخابی مہم آج شام ختم ہوگئی ۔ اس دوران تمام سیاسی جماعتوں کے اعلی قائدین نے رائے دہندوں کو راغب کرنے اور اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ تیسرے مرحلے میں جملہ 115 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جو 14 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں واقع ہیں۔ تیسرے مرحلے میں گجرات کی تمام 26 کیرالا کی 20 گوا کی 2 دادار اور نگر حویلی کی ایک دمن اور دیو کی ایک نشست کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ آسام میں چار ‘ بہار میں پانچ ‘ چھتیس گڑھ میں 7 ‘ جموںو کشمیر میں ایک ‘ کرناٹک میں 14 مہاراشٹرا میں 14 اوڈیشہ میں چھ اور اترپردیش میں 10 کے علاوہ مغربی بنگال میں پانچ نشستوں کیلئے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی ‘ بی جے پی صدر امیت شاہ ‘ کانگریس صدر راہول گاندھی اور کئی مرکزی وزرا و دیگر قائدین نے اپنی اپنی پارٹیوں کے امیدواروں کے حق میں شدت کے ساتھ مہم چلائی اور کئی پارلیمانی حلقوں کے دورے بھی کئے ۔ کل ہونے والے مرحلے میں جو اہم امیدوار میدان میں ہیں ان میں بی جے پی صدر امیت شاہ ( گاندھی نگر ۔ گجرات ) کانگریس صدر راہول گاندھی ( ویاناڈ ۔ کیرالا ) اور سماجوادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو ( مین پوری ۔ یو پی ) شامل ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران گجرات میں بی جے پی اور کانگریس کے مابین سخت الفاظ کی جنگ بھی ہوئی اور دونوںہ ی جماعتوں کے قائدین پرامید ہیں کہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو زیادہ کامیابیاں ملیں گی ۔ 2014 کے انتخابات میں گجرات میں بی جے پی نے تمام 26 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ مہاراشٹرا میں تیسرے مرحلے میں جو اہم نشستیں شامل ہیں جن میں جالنہ کا حلقہ بھی شامل ہے جہاں سے ریاستی بی جے پی کے صدر راو صاحب دنویس مقابلہ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بارہ متی حلقہ میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں سے این سی پی سربراہ شرد پوار کی دختر سپریا سولے مقابلہ کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ احمد نگر میں بھی دلچسپ مقابلہ کی توقع ہے جہاں سوجئے وکھے پاٹل بی جے پی کے امیدوار ہیں جو کانگریس کے سینئر لیڈر و اسمبلی میں قائد اپوزیشن رادھا کرشنا وکھے پاٹل کے فرزند ہیں۔ سوجئے نے انتخابات سے قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ کرناٹک میں اہم حلقوں میں گلبرگہ شامل ہے جہاں سے کانگریس کے ملکارجن کھرگے بی جے پی کے اومیش جادھو سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شیموگہ حلقہ میں بھی تیسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے جہاں سے سابق چیف منسٹر ایڈورپا کے فرزند راگھویندرا ایک اور سابق چیف منسٹر ایس بنگارپا کے فرزند مدھو بنگارپا کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔