تیسرے مقام پر مقابلے منعقدہ کرنے بی سی سی آئی کا مطالبہ

   

چمپئنز ٹرافی، ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی

نئی دہلی ۔ آئی سی سی کا اگلا ٹورنمنٹ چمپئنز ٹرافی ہے اور اس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ اس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو کچھ قسم کے شیڈول کی تجویز بھی دی ہے جس کے مطابق یہ ٹورنمنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہوگا لیکن بی سی سی آئی ٹیم انڈیا کو پاکستان نہیں بھیجنا چاہتا۔ ہندوستانی ٹیم نے2008 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور اب اس کے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا 2025 کی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کا امکان نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی آئی سی سی سے دبئی یا سری لنکا میں ہندوستانی میچز کی میزبانی کے لیے کہہ سکتا ہے۔ بی سی سی آئی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو یہ اطلاع دی ہے۔ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کافی عرصے سے بہتر نہیں ہیں اور کشیدہ حالات میں ہندوستانی ٹیم کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ مرکزی حکومت پر منحصر ہوگا۔ جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی سیریز نہیں کھیلی جاتی، صرف آئی سی سی ٹورنمنٹس اور ایشیا کپ کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کھیلے جاتے ہیں۔ یادرہے کہ پاکستان کو ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کے حقوق بھی ملے تھے لیکن اس وقت بھی ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔ ٹورنمنٹ کی میزبانی ہائبرڈ ماڈل میں کی گئی۔ چارمیچ پاکستان میں اور باقی میچ سری لنکا میں کھیلے گئے تھے ۔ ٹیم انڈیا نے اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے اور فائنل بھی یہیں منعقد ہوا تھا اور امید کی جارہی ہے کہ اس بار بھی بی سی سی آئی آئی سی سی کو ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دے سکتا ہے۔ ڈرافٹ شیڈول کے مطابق ٹیم انڈیا کو اپنے تمام میچ لاہور میں کھیلنے ہیں۔ ٹیم انڈیا اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد وہ 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا میچ کھیلیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ مرحلے کا تیسرا اور آخری میچ یکم مارچ کو ٹورنمنٹ کے میزبان اور اس کے روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ اب جبکہ ہندوستان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ نہیں کرے گا تو اس کے مقابلے سری لنکا یا امارات میں ہوسکتے ہیں۔