تیسرے ٹسٹ میں انگلینڈ کامیاب،سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

   

گروس آئی لیٹ۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام )کپتان جے روٹ(122 ) کی شاندار سنچری کے بعد تجربہ کار فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن27 رنز دیکر 3 وکٹوں کے مظاہرے اور آف اسپنر معین علی (99 رن پر تین وکٹ) کی زبردست بولنگ کی بدولت انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں 252 رنز پر آل آوٹ کرنے ساتھ ہی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹسٹ میچ 232 رنز سے جیت لیا۔مہمان ٹیم کی آخری ٹسٹ میں جیت کے باوجود میزبان ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی یہ سیریز 2-1سے جیت لی۔میچ کی چوتھی اننگز میں جیت کے لئے 485 رنز کے بڑے اسکور کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلش بولروں کا زیادہ دیر تک سامنا نہیں کرسکی اور 69.5 اوور میں پوری ٹیم 252 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ آل راونڈر راسٹن چیج (ناٹ آوٹ 102) نے میزبان ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنائے اورآخر تک ناٹ آوٹ رہے لیکن ونڈیز ٹیم کا دیگر کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک نہیں ٹک سکا۔انگلینڈ کی طرف سے اینڈرسن اور معین علی نے فی کس تین اسٹوکس نے دو او رمارک ووڈ نے ایک وکٹ لیا۔ میچ میں مجموعی طورپر چھ وکٹ لینے والے ووڈکو مین آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔اس سے پہلے انگلینڈ نے میچ کے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹ پر 325 رنز کے اسکور پر آگے کھیلنا شروع کیا ۔کپتان جو روٹ(122) اپنی اننگز میں صرف گیارہ رنز جوڑنے کے بعد شینن گیبریل کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے ۔ اس کے ساتھ ہی انگلش کپتان نے ٹیم کے 361 رنز پر پانچ وکٹ کے اسکور پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ بین اسٹوکس 48 رنز پر ناٹ آوٹ پویلین واپس ہوئے ۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں277 رنز بنائے تھے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 154رنز ہی بنا سکی تھی۔مہمان ٹیم کے اننگز ڈکلیئر کرنے کے ساتھ ہی میزبان ویسٹ انڈیز کے سامنے جیت کے لئے 485رن کا ہمالیائی ہدف تھا۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری ونڈیز ٹیم کی شروعات خراب رہی اور پانچ رنز کے اسکور پر کپتان جان کیمپبیل (0) کے طورپرپہلا جھٹکا لگا۔ کیمپبیل اینڈرسن کی گیند پر معین علی کو کیچ دے بیٹھے اور بغیرکھاتہ کھولے ہی پویلین چلے گئے ۔ اس کے بعد اینڈرسن نے ہی اوپنر کریگ بریتھویٹ(8) کو آوٹ کرکے میزبان ٹیم کو دوسرا جھٹکا دیا۔ پہلی اننگز کی طرح ڈیرن براوو (صفر) نے اس بار بھی مایوس کیا اور بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین چلے گئے ۔ براوو کو اینڈرسن نے آوٹ کیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے شائی ہوپ(14) بھی کچھ خاص نہیں کرسکے اور مارک ووڈ کی گیند پر اسٹورٹ براڈ کو اپنا کیچ دے بیٹھے ۔ ہوپ کے آوٹ ہونے کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کا اسکور31 رنز پر چار وکٹ ہوگیا۔پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے آل راونڈر روسن چیج (ناٹ آوٹ 102 ) نے میزبان ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ٹیم کا کوئی بھی دیگر بیٹسمین زیادہ دیر تک ان کا ساتھ نہیں دے سکا اور ویسٹ انڈیز کے ایک کے بعد ایک وکٹ گرتے رہے۔