نئی دہلی 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر و سابق وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ ایسے وقت جب دنیا بھر کے ممالک تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام کو منتقل کر رہے ہیں مودی حکومت نے اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو ان ثمرات سے محروم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت خام تیل 107 ڈالر فی بیاریل مل رہا تھا اتنی ہی قیمت پر آج عوام کو سربراہ کیا جا رہا ہے جبکہ تیل کی قیمتوں میں کافی کمی آچکی ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جس وقت یو پی اے کی دوسری معیاد میں خام تیل 107 ڈالر فی بیاریل ہوگیا تھا اس وقت ملک میں پٹرول 71.41 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل 55.49 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا تھا ۔ آج خام تیل کی قیمت 36.29 ڈالرس فی بیاریل ہے ایسے میں ڈیزل 65.39 روپئے اور پٹرول 71.26 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ عوام کے ہاتھ میں پیسہ دیا جائے ایسے وقت میں حکومت عوام کو قیمتوں میں کمی کی راحت سے محروم کرتی جا رہی ہے ۔