اوساکا۔29جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے تیل مارکیٹ میں استحکام کو یقینی بنانے ، ایران اور انسانی حقوق کے مسائل پر سعودی عرب کے اہم کردار کے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔ وائٹ ہاؤس نے ہفتہ کو ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ ٹرمپ نے یہاں G-20 چوٹی کانفرنس سے علیحدہ گزشتہ روز سعودی شہزادہ سے ملاقات کے دوران ان مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے محمد بن سلمان کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مغربی ایشیا اور عالمی تیل مارکیٹوں میں استحکام کو یقینی بنانے، ایران سے بڑھتے ہوئے خطرے ، انسانی حقوق کے مسائل، تجارت اور سرمایہ کاری میں سعودی عرب کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا ۔ خلیجی علاقے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے جس کے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔