اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ، وینکٹ ریڈی ، راگھولو اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد: بائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آج نارائن گوڑہ میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی سی پی آئی سکریٹریٹ کے رکن وی ایس بوس ، حیدرآباد ڈسٹرکٹ سکریٹری ای ٹی نرسمہا ، سی پی ایم کے قومی قائد بی وی راگھولو، ریاستی سکریٹری پی ویرا بھدرم ، سکریٹریٹ کے ارکان ڈی جی نرسمہا ، بی وینکٹ ، حیدرآباد ضلع سکریٹری ایم سرینواس ، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی کی ریاستی قائد رما دیوی ، ایم سی پی آئی کے ریاستی قائد ٹی کمار ، آر ایس پی کے ریاستی سکریٹری جی رامولو ، سی پی آئی ایم ایل لبریشن کے ریاستی سکریٹری راجیش اور دیگر تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی ۔ کورونا وباء کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف شرم شرم کے نعرے لگائے گئے۔ بائیں بازو کی پارٹیوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوام پر زائد بوجھ عائد کر رہی ہے۔ قائدین نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف کورونا کے کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے ، دوسری طرف حکومت عوام کو پریشان کر رہی ہے۔ غریب اور متوسط طبقات بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ بی وی راگھولو نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت مخالف عوام پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ بائیں بازو قائدین نے اعلان کیا کہ حکومت کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔