تیل کی قیمتیں کم ہوجائیں تو پوتن لوگوں کوہلاک کرنا بند کر دیں گے :ٹرمپ

   

واشنگٹن،5 اگست (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے یوکرین تنازع کے سوال پر کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں کم ہوجائیں تو روسی صدر پوتن لوگوں کو ہلاک کرنا بند کر دیں گے ۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایندھن کی قیمتیں مزید 10 ڈالر فی بیرل کم کر دی جائیں تو صدر پوتن کے پاس کوئی اور راستہ نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کیونکہ ایندھن کی قیمتیں کم ہونے سے روس کی معیشت ڈوبے گی تو پوتن کو ہلاکتیں روکنا پڑیں گی۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ سیمی کنڈکٹرز اور چپس پر ٹیرف کا اعلان اگلے ہفتے کرسکتا ہوں، فارما انڈسٹری پر ابتدا میں کم ٹیرف لگا رہے ہیں۔ ایک سے ڈیڑھ سال میں فارما پر ٹیرف 150 سے 250 فیصد تک ہوجائے گا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں فارماسیوٹیکل مصنوعات امریکہ میں ہی بنائی جائیں۔