تیل کی پیداوار میں کمی کیلئے اوپیک کا تاریخی معاہدہ

   

Ferty9 Clinic

دبئی۔11 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) تیل پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے ممالک کا اتحاد اوپیک پلس ایک تاریخی معاہدہ طے کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں تیل کی عالمی منڈی میں ایک بار پھر توازن پیدا ہو جائے گا۔ یہ پیش رفت جمعے کے روز میکسیکو کی جانب سے پیداوار میں مطلوبہ کمی پر آمادہ ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے جمعے کی شام بتایا کہ میکسیکو اپنی تیل کی یومیہ پیداوار میں ایک لاکھ بیرل کی کمی کرنے پر تیار ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اس کمی کے سلسلے میں میکسیکو کی مدد کرے گا۔اس سے قبل جمعرات کے روز اوپیک پلس گروپ کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اوپیک تنظیم کے رکن ممالک اور تیل پیدا کرنے والے غیر رکن ممالک کے متعلقہ وزرا نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شریک ممالک نے تعاون کا اعلان کیا اور باور کرایا کہ تیل کی منڈیوں کو پھر سے مستحکم کرنے کے لیے وہ مقررہ فیصلوں کی پاسداری کریں گے۔ جمعے کے روز دستخط ہونے والا سمجھوتا 30 اپریل 2022 تک نافذ العمل ہو گا۔تیل پیدا کرنے والے تمام بڑے ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عالمی منڈی میں استحکام کو یقینی بنانے کی حالیہ کوششوں میں حصہ لیں۔پیداوار میں کمی کے معاہدے کی نگرانی کے لیے مشترکہ وزارتی کمیٹی کے کردار پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں اوپیک کی مشترکہ تکنیکی کمیٹی اور سکریٹریٹ کا تعاون حاصل رہے گا۔