تہران: ایران نے پیر کے روز میڈیا کی ان خبروں کو مسترد کر دیا کہ خلیج فارس میں امریکی افواج کے ہاتھوں ضبط کئے گئے ایرانی آئیل ٹینکروں میں جعلی عراقی دستاویزات کا استعمال کیا گیا تھا۔ایران کے تیل کے نائب وزیر برائے بین الاقوامی اور تجارتی امور علی محمد موسوی نے کہا کہ یہ رپورٹس، جن میں عراقی وزیر تیل حیان عبدالغنی کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ امریکی بحریہ کی طرف سے پکڑے گئے ایرانی آئیل ٹینکروں میں عراقی ’شیپنگ مینیفیسٹ‘ تھے ، جھوٹ ہے ۔وزیر نے ایرانی وزارت تیل سے وابستہ شانا نیوز ایجنسی کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ایران نے تیل تجارتی تعلقات میں تمام قواعد و ضوابط کی تعمیل کرتے ہوئے اپنا تیل فروخت کیا۔موسوی نے کہا کہ عراقی وزیر تیل کے ریمارکس کو غلط طریقے سے نقل کیا گیا اورا نہوں نے امریکی حکام کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ امریکی حکام کا دعویٰ ایرانی قوم کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے اس پر دباؤ ڈالنے کی غیر قانونی اور غیر منصفانہ پالیسی کے مطابق تھا اور اس کی کوئی بنیاد اور اعتبار نہیں تھا۔