تینوں اوپنرس ناکام ، ہندوستان 263 رنز پر ڈھیر

   

ہیملٹن ۔14 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو دورۂ نیوزی لینڈ پر ٹسٹ سیریز کے آغاز سے قبل آج وارم اپ مقابلے میں ہندوستانی بیٹسمینوں کے ناقص مظاہروں سے جھٹکا لگا ہے اور خاص طورپر تینوں اوپنرس کی جانب سے صرف ایک رنز بنانا تشویش کا باعث ہے ۔ نیوزی لینڈ الیون کیخلاف کھیلے گئے تین روزہ وارم اپ مقابلے کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم 78.5 اوورز میں 263رنز پر ڈھیر ہوگئی ، نیز ہنوما وہاری کی سنچری اور چتیشور پجارا کے 93 رنز نے ہندوستانی ٹیم کو بدترین صورتحال سے کسی قدر باہر نکالا ۔ ہندوستانی ٹیم جوکہ ٹسٹ سیریز کے آغاز سے قبل اوپنرس کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن پارتھیو شاہ(0) ، مینک اگروال (1) اور شوبھمن گل (0) انتہائی ناکام ہوئے ، حالانکہ پہلے ٹسٹ کیلئے ان تینوں اوپنرس کو ہندوستانی اننگز کے آغاز کے لئے اہمیت دی جارہی تھی ۔ اس مقابلے میں کپتان ویراٹ کوہلی اور شاندار فام میں موجود کے ایل راہول کو آرام دیا گیا ، نیز وکٹ کیپنگ کے لئے رشبھ پنت اور وردھمان ساہا کو شامل کیا گیا لیکن ساہا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے جبکہ پنت بھی صرف 7 رنز بناسکے۔ وہاری نے ریٹائرڈ آؤٹ ہونے سے قبل 182 گیندوں میں 10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنانے کے علاوہ چتیشور پجارا کے ساتھ ایک بڑی پارٹنرشپ نبھائی جس میں پجارا نے 211 گیندوں میں گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 93 رنز بنائے ۔ ہندوستان کیلئے تیسرا اعظم ترین اسکور اجنکیا رہانے نے 18 رنز کی شکل میں بنایا جس میں ایک چوکا شامل ہے۔ نیوزی لینڈ کیلئے اسکاٹ کولیجن نے 40 رنز دیکر تین وکٹ حاصل کئے جبکہ ایش سودھی نے تین وکٹ لئے تاہم اس کیلئے انھوں نے 72 رنز دیئے ۔