تین افراد کو ہلاک کرنے والے ملزم کی خودکشی

   

حیدرآباد9دسمبر(یواین آئی)تین افراد کوہلاک کرنے کے معاملہ میں ملوث شخص نے خودکشی کرلی۔اس شخص نے تین افراد بشمول اپنی بیوی،بیٹی کو ہلاک کردیا تھا۔ اس واردات سے تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں سنسنی پھیل گئی تھی۔اگرچہ کہ یہ خودکشی کا واقعہ دو دن پہلے پیش آیا تاہم یہ معاملہ آج سامنے آیا۔تفصیلات کے مطابق ان تینوں قتل کی وارداتوں میں ملوث ملزم لکشمی راجیم نے درخت سے پھانسی لے کرخودکشی کرلی۔اس کی شادی سدی پیٹ ضلع کی رہنے والی وملا سے 18سال پہلے ہوئی تھی۔وملا نے پولیس میں شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا شوہر مزید جہیز کے لئے اس کو ہراساں کررہا ہے ۔پولیس نے دونوں کی کونسلنگ تین مرتبہ کی۔کچھ دنوں کے بعد اس جوڑے نے علحدگی اختیار کی۔بیوی اور اس کے ارکان خاندان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکشمی راجیم نے 22نومبر کی شب بیوی،بیٹی اور بیٹے کے علاوہ برادر نسبتی کی بیوی پر کمیکل ڈال کر آٓگ لگادی تھی۔یہ تمام افراد گھر میں سورہے تھے کہ اس نے ان پر کمیکل ڈال کر آگ لگادی تھی۔اس واردات میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔اس واردات کے بعد سے وہ مفرور تھا۔اس نے درخت سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔