تین دن میں تین غیر ریاستی افراد کی ہلاکت سے کشمیر میں تشویش کی لہر

   

سری نگر، 17 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں کے دوران نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں تین غیر ریاستی افراد کی ہلاکت اور ایک کو زخمی کردینے کے واقعات سے پوری وادی کشمیر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مہلوکین میں پنجاب سے تعلق رکھنے والا سیب بیوپاری چرنجیت سنگھ، راجستھان سے تعلق رکھنے والا ٹرک ڈرائیور شریف خان اور چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والا اینٹ بٹھے کا مزدور سیٹھی کمار ساگر شامل ہیں۔ زخمی کی شناخت سنجیو کے طور پر ہوئی ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں غیر ریاستی افراد پر حملوں کے ان واقعات سے پوری وادی بالخصوص سیب کی پیدوار کے لئے مشہور جنوبی کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول ہے ۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے ایک میوہ باغ مالک نے یو این آئی اردو کو فون پر بتایا کہ شوپیاں اور جنوبی کشمیر کے دیگر تین اضلاع میں میوہ صنعت لوگوں کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور اس صنعت سے وابستہ غیر ریاستی بیوپاریوں یا ٹرک ڈرائیوروں پر حملوں سے اس صنعت اور اس سے وابستہ افراد کو ایک بہت بڑا دھچکہ لگتا ہے ۔