تین دھوکہ باز گرفتار، سائبر آباد پولیس کی کارروائی

   

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آسان انداز میں کم شرح سود پر لون دلانے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے والے تین افراد کو سائبر آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ پون کمار ساکن بلند شہر اتر پردیش ، 26 سالہ مکیش چودھری اور 27 سالہ راہول ساکنان عازی آباد اتر پردیش کو گرفتار کرلیا۔ 26 جولائی کو گوئند بھٹ نامی کنڈا پور کے ساکن شہری نے پولیس سے رجوع ہوکر شکایت کی تھی کہ لون دلانے کے نام پر اس کی بھاری رقم کو ہڑ پ لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گوئند بھٹ کو ایک سے زائد مرتبہ فون کالس موصول ہوئے تاہم اس نے پہلے انکار کردیا تھا۔ تاہم کچھ عرصہ بعد اس کو دوبارہ فون کال وصول ہوا جب پہلے فون میں اس سے کہا گیا تھا کہ کم شرح سود پر اسان انداز سے اسے لون دلایا جائے گا۔ اور کارروائی کیلئے بطور فیس12,999 روپئے جمع کرنے ہوں گے۔ اس کے انکار کے کچھ عرصہ بعد دوبارہ جب فون کیا گیا تو اس کو اطلاع دی گئی کہ اس کے لون کا حصول مزید آسان ہوگیا ہے اور لون کی حد بھی بڑھا دی گئی ہے اب 5 فیصد شرح سود پر بھٹ کو 5 تا 10 لاکھ روپئے کا لون بہ آسانی حاصل ہوگا۔ اس کے لئے ضروری کارروائی کی فیس 24,999 روپئے جمع کرنی ہوگی۔ اس پیشکش پر غور کرنے کے بعد بھٹ نے رقم جمع کرادی۔ اس طرح مختلف مراحل پر اس کے لون کے لئے ایک تا دیڑھ سال کے عرصہ میں گیارہ لاکھ 20 ہزار روپئے ہڑپ لئے گئے۔ گرفتار افراد پہلے نوئیڈا میں واقع ایک بورامل اگروال نامی کمپنی میں کام کرتے تھے۔ جو انشورنس بروکنگ کا کام کرتی ہے۔ یہ کمپنی قواعد و قوانین پر پابندی کے بغیر قائم کی گئی تھی۔ اور انشورنس ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے سال 2016 میں اسے بند کردیا تھا۔ جس کے بعد ٹیلی کالر کی خدمات پر مامور شخص سے مل کران تینوں نے سازش تیار کی اور شہریوں کو لوٹنے لگے۔ پولیس سائبر آباد نے انہیں گرفتار کرلیا اور عوام سے ایسے دھوکہ باز افراد اور ان کی پیشکش سے چوکنا رہنے کی اپیل کی ہے۔