امراوتی 11 فروری (پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں جاری سیاسی تبدیلیوں کے پس منظر میں وزیراعظم نریندر مودی سے اہم ملاقات کے لئے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی چہارشنبہ کو نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کے مطابق جگن موہن ریڈی 12 فروری کو اپنی کابینہ کے اجلاس کے بعد دوپہر 12.45 بجے نئی دہلی پرواز کریں گے۔ جہاں شام 4 بجکر 10 منٹ تا 6 بجے شام وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی بات چیت ہوگی۔ چیف منسٹر کے دفتر (سی ایم او) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعظم سے ملاقات کا وقت لینے کے لئے ہم گزشتہ چند دن سے کوشش میں مصروف تھے اور کل کی ملاقات کے بارے میں اچانک مطلع کیا گیا۔ ذرائع نے کہاکہ تین راجدھانیوں کے مسئلہ کے علاوہ ریاستی قانون ساز کونسل کی برخاستگی مودی سے جگن کی بات چیت کے ایجنڈہ میں سرفہرست ہے‘۔