ناسازی صحت اور ممنوعہ تنظیم کے آپسی اختلافات اہم اسباب، ضلع ایس پی کی کانفرنس
کاماریڈی :25؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ،اترپردیش ، جھار کھنڈ ریاستوں میں ڈیویژن سطح کے کمانڈر کی حیثیت سے کام کرنے والے مائویسٹ قائد کاماریڈی کے دیون پلی سے تعلق رکھنے والے کے سرینواس عرف سمیر عرف سورج ایس پی کاماریڈی شویتا ریڈی کے خود سپرد کردیا ۔ ایس پی کاماریڈی شویتا ریڈی پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ 1999 ء میں اتر پردیش کے بالگٹ میں ہوئے انکائونٹر میں اتر پردیش کے ریاستی وزیر وکرم ٹھارے کو ہلاک کرنے کے واقعہ میں سرینواس ملوث ہے اور ان پر پولیس نے 5لاکھ روپئے کا انعام رکھا تھا ۔ ناسازی صحت اور مائویسٹ قائدین کے ساتھ اختلافات کی بناء پر یہ اپنے آپ کو پولیس کے خود سپرد ہوگیا ۔ ضلع ایس پی شویتا ریڈی نے بتایا کہ سرینواس عرف سمیر عرف سورج عرف ستا دیو ، راہول ، اروند کے ناموں پر سرینواس تلنگانہ کے علاوہ اتر پردیش ،جھاڑ کھنڈ ریاستوں میں مائویسٹ ڈیویژن کمانڈر کی حیثیت سے اور اتر پردیش ریاست کے آرگنائزنگ کمیٹی اور نارتھ ریجنل بیورو کے رکن کی حیثیت سے کام کیا تھا یہ ابتدائی تعلیم کاماریڈی میں حاصل کرتے ہوئے گریجویشن کے دوران پیوپلز وار نکسلائٹ سے تعلقات قائم ہونے پر 1986 ء میں گرفتار کئے جانے کے بعد جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد مائویسٹ ضلع کمیٹی کے رکن سنتوش کے ساتھ مل کر جنگلات کا رخ کیا اور 1991 ء میں مٹ پلی کے جنگل میں 30 روزہ تربیت حاصل کی اور عادل آباد کے علاقہ میں انکائونٹر میں شرکت کی تھی اور 1993 ء میں ایریا کمیٹی کے رکن اور 1995 ء سے 2000 تک دلم کے کمانڈر کی حیثیت سے کام کیا اور 1998 ء میں ایک گریجن خاتون کے ساتھ شادی کی تھی اور 1999 ء میں جھار کھنڈ کے وزیر کو انکائونٹر میں ہلاک کیا تھا اور کئی سرگرمیوں کو انجام دیا اور مدھیہ پردیش ، اتر پردیش ریاستوں میں کام کرتے ہوئے خدمات انجام دے تھی ۔ خدمات کے نام پر 5لاکھ روپئے کا جو انعام تھا پولیس کی جانب سے انہیں حوالے کیا جائیگا اور انہیں ان کی باز آبادکاری کیلئے حکومت کی جانب سے تمام اقدامات کئے جائیں گے ۔ سرینواس نے بتایا کہ مائویسٹ کی پالیسیوں سے اختلافات اور ناسازی صحت کی بناء پر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کیا باقی زندگی اپنے خاندان کے ساتھ بسر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی لکشمی نارائنا بھی موجود تھے ۔