نئی دہلی : وزارت ریل نے اپنے ایک بیان میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ تین سال میں ریلوے احاطہ میں تجاوزات اور دیگر ناخوشگوار واقعات کے سبب تقریباً 29 سے 30 ہزار اموات ہوئی ہیں۔ یہ بیان اس لیے حیران کرنے والا ہے کیونکہ اس سے قبل انڈین ریلوے نے گزشتہ مالی سال میں ایک بھی موت نہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس پر نیتی آیوگ نے وزارت سے سوال کیا تھا۔ اس کے جواب میں وزارت ریل نے کل اموات کی تعداد گزشتہ تین سالوں میں تقریباً 30 ہزار تک ہونے کی بات کہی۔میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق انڈین ریلوے کی جانب سے ریلوے بورڈ کے چیئرمین وی کے یادو نے نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) امیتابھ کانت کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مذکورہ جانکاری دی۔