تین سال میں 13 لاکھ سے زائد خواتین لاپتہ

   

نئی دہلی : ملک میں خواتین کی اتنی بڑی تعداد میں لاپتہ ہونے کے واقعات نے ان کی حفاظت کے متعلق سوالات اور مسئلے کے حل کیلئے مزید اقدامات کرنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کردیا ہے۔ خواتین کے لاپتہ ہونے کے لحاظ سے مدھیہ پردیش سر فہرست ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے گزشتہ ہفتہ پارلیمنٹ میں پیش کردہ اس رپورٹ نے خواتین کے حوالے سے تشویش ناک صورت حال کو اجاگر کیا ہے۔ ملک میں جرائم کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو(این سی آر بی) کے فراہم کردہ اعدادو شمار کی بنیاد پر وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سال 2019 ء سے 2021 ء کے درمیان میں 13.13 لاکھ سے زیادہ لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہوگئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 18 سال سے زیادہ عمر کی لاپتہ ہونے والی خواتین کی تعداد 10 لاکھ 61 ہزار 648 تھی جب کہ 18سال سے کم عمر کی دو لاکھ 51 ہزار 430 لڑکیاں بھی لاپتہ ہوگئیں۔ رپورٹ میں ملک گیر سطح پر لاپتہ ہونے والی خواتین کی تعداد بھی دی گئی ہے۔ اس کے مطابق سب سے زیادہ یعنی ایک لاکھ 60 ہزار 180 خواتین مدھیہ پردیش سے لاپتہ ہوئیں۔ بی جے پی کی حکومت والی اس وسطی ریاست سے تین سال کے دوران 18سال سے کم عمر کی 38 ہزار 234 لڑکیاں بھی لاپتہ ہو چکی ہیں۔