بارہمولہ: جموں و کشمیر کے بارہمولہ میں قائم فوج کی 19 ویں انفنٹری ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل وریندرا وٹس نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے اُس پار لانچنگ پیڈس پر 250 سے 300 کے قریب جنگجو دراندازی کرنے کی تاک میں بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما اختتام ہونے کے پیش نظر پاکستان زیادہ سے زیادہ تعداد میں جنگجو وادی میں دھکیلنے کے در پے ہے ۔موصوف فوجی افسر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ایل او سی کے اس پار لانچنگ پیڈس ملی ٹنٹوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ اندازے کے مطابق ڈھائی سو سے تین سو کے قریب ملی ٹنٹ بیٹھے ہوئے ہیں’۔وریندرا وٹس نے کہا کہ موسم گرما ختم ہونے کے پیش نظر پاکستان زیادہ سے زیادہ ملی ٹنٹ وادی میں دھکیلنے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کئے گئے سال گذشتہ پانچ اگست کے فیصلوں کے بعد پاکستان وادی میں لوگوں کو اکسانے کی کوششوں میں ناکام ہوا ہے اور لوگوں نے اس کے بیانیے کو مسترد کیا ہے ۔
