نئی دہلی ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ حکومت ایک ہی موقع پر تین طلاق کے رواج پر امتناع عائد کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں تازہ بل لانے پوری طرح تیار ہے، کانگریس نے آج کہا کہ اس معاملے میں ہنوز بعض مسائل ہیں جن پر وہ مباحث کرتے ہوئے ان کی مخالفت کرے گی۔ یہ بل بجٹ سیشن میں متعارف کیا جائے گا جو پیر کو شروع ہورہا ہے، اور یہ فبروری میں سابقہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کے جاری کردہ آرڈیننس کی جگہ لے گا۔ 16 ویں لوک سبھا کی گزشتہ ماہ تحلیل کے ساتھ سابقہ بل بے اثر ہوگیا کیونکہ یہ راجیہ سبھا میں معرض التواء تھا۔ کانگریس ترجمان ابھیشک سنگھوی نے کہا کہ ہم نے متعدد مسائل اٹھائے ہیں۔ کئی متنازعہ مسائل پر حکومت نے اتفاق کیا۔ لہٰذا ہمیں طویل جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل ہوئی۔ اگر حکومت پہلے ہی ہمارے نکات پر اتفاق کرلیتی تو کافی وقت بچایا جاسکتا تھا۔
