نئی دہلی۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا ملی کونسل نے الزام لگایا ہے کہ تین طلاق قانون مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر حملہ ہے۔ مرکزی حکومت نے اپوزیشن کو جس طرح دھوکہ میں رکھ کر طلاق ثلاثہ بل منظور کرایا وہ جمہوریت کے قتل کے مترادف اور سیکولر اقدار پر بدنما داغ ہے ۔کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے جس طرح طلاق ثلاثہ بل کو منظور کرایا ہے اس سے حکومت کی نیت پر سوالیہ نشان کھڑا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مطالبہ تھاکہ بل کو سلیکٹ کمیٹی میں بھیجاجائے تاکہ کچھ ضروری ترمیمات ہوسکے لیکن حکومت نے اچانک یہ بل راجیہ سبھا میں پیش کرکے ووٹنگ کرادی اور اس نے اپنی منصوبہ بندی کے تحت کامیابی حاصل کرلی۔ڈاکٹر منظور عالم نے کہاکہ تین طلاق سے متعلق قانون میں بہت زیادہ تضادہے ۔ فنی بنیاد پر یہ قانون غلط ہے ۔