واشنگٹن : تین عرب امریکی امیدواروں نے امریکی ریاست مشیگن میں میئرس کی حیثیت سے منتخب ہوکر تاریخ رقم کی ہے۔ مشیگن کے 3 ٹاؤنس ڈیئربن، ڈیئربن ہائٹس اور ہیمٹرامک نے منگل 2 نومبر کو اپنے اوّلین مسلم میئرس منتخب کئے۔ 31 سالہ لبنانی امریکی عبداللہ حمود نے 55 فیصد ووٹ حاصل کئے اور اس طرح وہ گیری ورونچک کو شکست دے کر ڈیٹرائٹ، مشیگن کے شہر ڈیئربن کیلئے پہلے عرب نژاد میئر بن گئے۔ عبداللہ کے والد 1980 ء کے دہے میں لبنان سے براہ سعودی عرب امریکہ آئے تھے۔ اُن کی والدہ کا جنوبی لبنان میں بنت جبیل سے تعلق ہے اور وہ 1974 ء میں ڈیئربن کو منتقل ہوئی تھیں۔ عبداللہ موجودہ میئر جان اوریلی کے جانشین ہوں گے، جو اس عہدہ پر 2007 ء سے فائز ہیں۔ مشیگن کے شہر ہیمٹرامک میں عامر غالب نے میئر کا عہدہ حاصل کیا۔ اُن کا تعلق یمن سے ہے۔ 42 سالہ عامر نے 68 فیصد ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنے حریف و موجودہ میئر کرن مجوسکی کو شکست دی۔ لبنان کی پیدائش والے 58 سالہ بلبازی نے بیئربن ہائٹس کے لئے اوّلین مسلم عرب امریکی میئر منتخب ہوکر تاریخ بنائی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ امریکہ کو اُس وقت منتقل ہوئے جب اُن کی عمر 10 سال تھی۔ ہائی اسکول کی تعلیم کے بعد وہ یو ایس مرین کورز میں داخل ہوئے اور 1984 ء سے 1988 ء تک خدمات انجام دیئے۔ مرین کورز ریزرو میں 1999 ء سے 2016 ء تک خدمات انجام دیتے ہوئے وہ ملٹری پولیس اور انٹلی جنس سرویس میں شوٹنگ سارجنٹ کے رتبہ تک پہونچے۔ وہ 2016 ء میں مرینس ریزروس سے سبکدوش ہوئے۔ ڈیئربن ہائٹس کے انٹونیو میں اپنی کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بازی نے کہاکہ وہ اپنی شریک حیات نادیہ کے شکر گذار ہیں جن کی تائید و حمایت اور حوصلے نے اُنھیں کامیابی تک پہنچایا۔