تین قافلوں میں 1020 عازمین حج کی روانگی

   

صحت و صفائی کے ناقص انتظامات پر عازمین کی ناراضگی، شدید بارش کے باوجود رشتہ داروں کو داخلہ کی اجازت نہیں
حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ آج عازمین حج کے تین قافلوں کی روانگی عمل میں آئی۔ حج ہاؤز نامپلی سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کو وداع کیا گیا جو حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ مختلف اوقات میں سعودی عرب کے لئے روانہ ہوئے۔ تین قافلوں میں 1020 عازمین حج بیت اللہ کی سعادت کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔ تاحال حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 17 قافلوں کی روانگی عمل میں آچکی ہے۔ جن میں جملہ 6282 عازمین شامل تھے۔ آج کا پہلا قافلہ پیر کی رات دیر گئے روانہ ہوا جبکہ دوسرا قافلہ 7.15 بجے جبکہ تیسرے قافلہ نے رات 11.55 بجے پرواز کی۔ تیسرے قافلہ میں بیدر سے تعلق رکھنے والے تقریباً 171 عازمین شامل تھے۔ قافلوں کی روانگی سے قبل علمائے کرام نے مخاطب کرتے ہوئے مناسک حج کی تفصیلات بیان کیں۔ مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ حج کی سعادت کے بعد خود کو گناہوں سے بچائیں اور نیکیوں پر چلنے والی زندگی اختیار کریں۔ صدرنشین مہاراشٹرا حج کمیٹی جمیل احمد صدیقی کے علاوہ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان، ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان نے عازمین کی بسوں کو وداع کیا۔ بڑی تعداد میں عازمین کے رشتہ دار اور دوست احباب حج ہاؤز کے باہر موجود تھے۔ عازمین حج سے تلنگانہ کی ترقی اور چیف منسٹر کی درازی عمر کی دعاؤں کے لئے اپیل کی گئی۔ کل رات بارش کے دوران عازمین کے رشتہ داروں کو کافی دشواریاں پیش آئیں۔ اُنھیں حج ہاؤز کے احاطہ میں داخلہ کی اجازت نہیں دی گئی جس کے سبب وہ بارش میں بھیگ کر اپنے رشتہ داروں کو وداع کرنے کے لئے مجبور تھے۔ حج ہاؤز کے اطراف کہیں بھی سائبان نہیں کہ لوگ بارش سے بچ سکیں۔ عوام نے خواہش کی کہ اُنھیں جلسہ گاہ کے لئے بنائے گئے حصہ میں بارش کے دوران رُکنے کی اجازت دی جائے لیکن حج کمیٹی کے ذمہ داروں نے سنی ان سنی کردی۔ ضعیف افراد اور خواتین پانی میں بھیگ گئے لیکن حج کمیٹی کے حکام نے اُن کی فکر نہیں کی۔ اِسی دوران حج کیمپ میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات پر عازمین حج کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں نے کنٹراکٹر کی سرزنش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کیمپ میں جگہ جگہ گندگی سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔ کیمپ میں باتھ رومس ناقابل استعمال ہیں اور بدبو اطراف کے علاقوں میں پھیل چکی ہے۔ کمروں میں قیام کرنے والے عازمین نے کہاکہ وہ بیت الخلاء کے استعمال سے قاصر ہیں اور صفائی پر توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے۔ اِسی دوران کل 31 جولائی کو سہ پہر 3 بجے ایک قافلہ جدہ کے لئے روانہ ہوگا۔ کل سے آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوگا۔