بودھن۔ صحافی سے سیاستداں بن جانے والے تین مار ملنا کو ایڑ پلی پولیس نے گزشتہ رات ایڈیشنل کورٹ جج بودھن ایم اپرنا کے سامنے پیش کیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ ایڑ پلی منڈل کے موضع جانکم پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایک سیندھی کے مستاجر کو ہراساں کرکے ان سے 20 لاکھ روپئے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا اور ملنا اور ان کے ساتھی پانچ لاکھ روپئے وصول کرچکے ہیں۔ مستاجر کی شکایت پر ایس ای ایڑپلی منڈل ایلیا گوڑ گزشتہ روز ملنا کو حیدرآباد سے حراست میں لیکر صحافیوں سے نظر بچا کر رات کو ہی معزز جج کے سامنے پیش کیا جہاں جج نے ملنا کو 14 دنوں تک حراست میں رکھنے کی ہدایت دی۔ بودھن پولیس نے رات کو ہی ملنا کو حیدرآباد چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ سیندھی کے مستاجر نے پانچ افراد کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی جن میں شامل اے ون کو پولیس نے 10 ستمبر کو ہی حراست میں لے لیا تھا۔ ملنا کا اس کیس میں نمبر اے فائیو ہے جبکہ دیگر تین ملزمین مفرور ہیں۔ ملنا کو گزشتہ رات اے سی پی بودھن راما راؤ اور سرکل انسپکٹر رویندر نائیک نے اپنی راست نگرانی میں عدالت میں پیش کیا تھا۔