تین ماہ بعد کرم ابو سالم کے راستے امدادی ٹرکوں کے داخلے

   

غزہ، 20 مئی (یواین آئی) کرم ابو سالم کے راستے امدادی ٹرکوں کے داخلے کے مناظر سامنے آئے ہیں۔ اسرائیلی فوجی ریڈیو سے گفتگو میں سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید چار ٹرکوں کے پہنچنے کی توقع ہے ، اور امکان ہے کہ یہ تعداد آج کے دوران مزید بڑھ جائے۔ ابتدائی امداد بچوں کے لیے مختص ہے ، جس کے بعد مختلف غذائی اشیاء پر مشتمل امداد پہنچے گی۔قبل ازیں، اسرائیل اور اقوام متحدہ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مکمل محاصرے اور خوراک، ادویات و دیگر ضروری اشیا کی بندش کے تقریباً تین ماہ بعد، پہلی مرتبہ محدود تعداد میں امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کے تحت امداد کے کوآرڈی نیشن کے ادارے “کوجات” کے مطابق، پانچ امدادی ٹرک جن میں بچوں کی خوراک شامل تھی، کرم ابو سالم کے راستے غزہ پہنچے ، جہاں بیس لاکھ سے زیادہ فلسطینی مقیم ہیں۔اقوام متحدہ نے اس پیش رفت کو “خوش آئند” قرار دیا ہے ، تاہم اس کا کہنا ہے کہ انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے مزید امداد کی شدید ضرورت ہے ۔ خوراک کی سلامتی کے ماہرین گزشتہ ہفتے غزہ میں قحط کے خطرے سے خبردار کر چکے ہیں۔