سفید راشن کارڈس کے لیے 3,41,641 درخواستیں وصول ہوئی ، وزیر سیول سپلائز
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر سیول سپلائز گنگولہ کملاکر نے کہا کہ اگر مسلسل تین ماہ تک راشن حاصل نہیں کیا گیا تو خود بہ خود راشن کارڈ منسوخ ہوجائے گا ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کو نئے سفید راشن کارڈس کی اجرائی پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر سیول سپلائز نے بتایا کہ سفید راشن کارڈس کے لیے 9,41,641 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی جن میں 3,59,974 لاکھ افراد کو فوڈ سیکوریٹی کارڈس جاری کئے گئے ۔ 92 ہزار درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ۔ 4,88,775 لاکھ درخواستیں زیر غور ہیں ۔ گنگولہ کملاکر نے کہا کہ فوڈ سیکوریٹی کارڈ کی اجرائی ہمیشہ جاری رہنے والا عمل ہے ۔ نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا حکومت سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ گذشتہ تین سال کے دوران شہر حیدرآباد میں 44 ہزار 734 راشن کارڈس جاری کئے گئے ہیں ۔ مزید 97 ہزار راشن کارڈس کی اجرائی زیر التواء ہے ۔ وزیر سیول سپلائز نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے نئے راشن کارڈس جاری نہیں کئے گئے ۔ زیر التواء درخواستوں کا فوری جائزہ لیتے ہوئے تمام اہل افراد کو سفید راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے تمام راشن کارڈس ہولڈرس کو مشورہ دیا کہ وہ ماہانہ راشن شاپس سے راشن حاصل کریں اگر مسلسل تین ماہ تک راشن حاصل نہ کرنے کی صورت میں خود بہ خود راشن کارڈس منسوخ ہوجائیں گے ۔