تین ماہ میں ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی مکمل کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

اسکول ملازمین کو دو ماہ میں ٹیکے دیئے جائیں، امکانی تیسری لہر سے نمٹنے حکومت کی رپورٹ پیش
حیدرآباد۔22 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ تین ماہ میں ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ ہائی کورٹ میں آج کورونا کی صورتحال پر سماعت ہوئی عدالت نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ملازمین کی ٹیکہ اندازی کا عمل آئندہ دو ماہ میں مکمل کیا جانا چاہئے ۔ ریاست میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ عدالت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے حکمت عملی تیار کرنے میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ دو مرتبہ اس بارے میں ہدایت دینے کے باوجود عدالت میں تفصیلات داخل کیوں نہیں کی گئیں۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ سے وضاحت طلب کی گئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس سلسلہ میں حکومت کو فیصلہ کرنا باقی ہے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کی پالیسی پر عمل کریں گے یا عدالت کے احکامات پر ۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے 30 ستمبر تک سی سی جی آر اے پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کورونا سے متعلق ادویات کو لازمی ادویات کی فہرست میں شامل کرنے میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ آخر کتنی اموات کے بعد کورونا ادویات کو ضروری ادویات کی فہرست شامل کیا جائے گا ۔ ہائی کورٹ نے مرکز کو 31 اکتوبر تک اس سلسلہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت چار ہفتوں بعد مقرر کی ہے۔ اسی دوران ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک 2.58 کروڑ کورونا ٹسٹ کئے جاچکے ہیں۔ 19 ستمبر تک ریاست میں 663450 کورونا کیسس منظر عام پر آئے ۔ گزشتہ دو ماہ میں کورونا کی پازیٹیو شرح 0.51 فیصد تک گھٹ چکی ہے۔ ریاست میں ابھی تک 2.20 کروڑ ویکسین کی خوراک دی جاچکی ہے۔ 180 موبائیل ویکسینیشن مراکز کے ذریعہ 10.07 لاکھ افراد کو ویکسین کی خوراک دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 16 ستمبر سے ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم میں 25.10 لاکھ افراد کا احاطہ کیا گیا ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 97 فیصد ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے۔ ریاست میں 60 فیصد افراد نے کورونا کی پہلی خوراک حاصل کرلی ہے جبکہ 38 فیصد نے دونوں خوراک حاصل کرلی ۔ یکم ستمبر سے تعلیمی اداروں میں 71 کورونا کیسس منظر عام پر آئے ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے عدالت کو بتایا کہ امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جارہے ہیں ۔ R