میدک۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈسٹرکٹ سیول سپلائی آفیسر (DSO) نتیہ آنند نے کہا کہ ریاست میں 3 ماہ کے باریک چاول کی تقسیم جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے شروع کردہ اس اسکیم کی وجہ سے صارفین میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ حکومت ہر اہل خاندان کو راشن کارڈس کی منظوری دی ہے۔ ضلع میدک میں بھی 25 جولائی سے نئے راشن کارڈز کی اجرائی کے عمل کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ سیول سپلائی آفیسر آنند نے اپنے چیمبر واقع انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ میں نمائندہ سیاست میدک سے ایک خصوصی ملاقات میں اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ نتیہ آنند نے بتایا کہ ضلع میدک کیلئے 9,964 جدید فوڈ سکیورٹی کارڈز کی منظوری دی گئی ہے جس کی تقسیم کا عمل 25 جولائی سے ہوگا۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ابتداء سے 2,13,771 راشن کارڈز موجود ہیں جس میں اب 9,964 کارڈز کا اضافہ ہوا ہے۔ آنند نے بتایا کہ ضلع بھر میں 4 ہزار میٹرک ٹن چاول کے ہر ماہ سربراہی عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راشن کارڈز کے اضافہ کے بعد راشن شاپس کی تعداد میں بھی اضافہ کا امکان ہے۔ پورے ضلع میں اب 520 راشن شاپس موجود ہیں۔