تین ماہ کے برقی بلز معاف کرنے کے سی آر سے مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

غریب اور متوسط طبقات پریشان، پونم پربھاکر کا مکتوب

حیدرآباد۔21۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے چیف منسٹر کے سی آر کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریبوں اور عام آدمی کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تین ماہ کے برقی بقایہ جات معاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سفید راشن کارڈ ہولڈرس کے لئے چاول اور رقمی امداد کا اعلان کیا ہے لیکن اس اسکیم پر موثر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات معاشی مشکلات کا شکار ہیں، لہذا تین ماہ تک برقی کا بل معاف کرتے ہوئے عوام کو راحت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ایسے خاندان ہیں جنہیں ابھی تک اپریل میں جاری کردہ چاول اور رقم حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کسانوں سے دھان خریدنے میں کوتاہی کرے گی تو زرعی شعبہ کو بھاری نقصان ہوگا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ 7 مئی تک لاک ڈاون میں توسیع کی گئی لیکن حکومت نے غریبوں اور متوسط طبقات کی بھلائی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ حکومت کو سفید راشن کارڈس ہولڈرس کے علاوہ متوسط طبقات کی بھلائی پر اہم فیصلے کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں لاکھوں غیر مقامی مزدور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ حکومت کی جانب سے اعلانات کے باوجود شیلٹر کیمپس قائم نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں غیر مقامی مزدور پیدل اپنی منزل کے لئے رواں دواں ہوچکے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان مزدوروں کو رہائش کے علاوہ غذائی اجناس کا انتظام کرے۔