حاجی پور کے متاثرہ خاندانوں کی وزیر داخلہ محمود علی سے ملاقات
حیدرآباد۔23 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بھونگیر کے حاجی پور میں تین کمسن لڑکیوں کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے امداد کا تیقن دیا ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مقتول کمسن لڑکیوں کے افراد خاندان کے ساتھ وزیر داخلہ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ 25 اپریل 2019 ء کو تین کمسن لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ کانگریس پارٹی مظلوم خاندانوں کو انصاف دلانے کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے انسانیت کی بنیاد پر ابھی تک امداد نہیں دی گئی ۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ جس طرح سعید آباد واقعہ میں مظلوم خاندان کو حکومت کی جانب سے 20 لاکھ کا ایکس گریشیا دیا گیا ، اسی طرح حاجی پور کے متاثرین کو بھی امداد دی جائے ۔ انہوں نے اصل خاطی کو پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے متاثرہ خاندانوں کی ابتر معاشی حالت کا حوالہ دیا جس پر وزیر داخلہ نے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا اور کہا کہ ریاست میں خواتین پر مظالم کے واقعات کو روکنے کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے سخت قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں پر مظالم کے ذمہ داروں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ ر