بیونس آئرس؍ سیئول ؍ریو ڈی جینرو۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس کے قہر سے ارجنٹینا، جنوبی کوریا اور برازیل میں اب تک 400 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 15 ہزار سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں پولیس نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قرنطینہ ہدایات کی خلاف ورزی کے الزام میں تقریبا 20 ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے 1597 گاڑیوں کو بھی ضبط کیا ہے ۔ارجنٹائن میں کورونا کے اب تک 1054 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے اور 27لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 101 نئے معاملے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 9887 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 165 ہو گئی ہے ۔اس دوران برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 42 مزید لوگوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 201 ہو گئی جبکہ اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 5717 ہو گئی ہے ۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا متاثرین اور مرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔غور طلب ہے کہ پوری دنیا میں کورونا سے اب تک 852486 لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 41920 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔