تین ٹمس ہاسپٹلس اور ورنگل کے سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹلس کی تعمیرات میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا۔ شہر حیدرآباد کے صنعت نگر، آلوال، کتہ پیٹ، ٹمس ہاسپٹل اور ورنگل کے ملٹی سوپر اسپشالیٹی ہاسپٹلس کے تعمیرات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر اور دیہی علاقوں کے غریب عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ان ہاسپٹلس کی تعمیر میں تیزی پیدا کریں۔ ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے کام کریں۔ لاپرواہی اور غفلت سے کام کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا دامودر راج نرسمہا نے انتباہ دیا۔ سکریریٹ میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاریہ سال کے اواخر تک ان تمام ہاسپٹلس کو عوام کے لئے دستیاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے لہذا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کریں اور ہاسپٹلس کو درکار انفرااسٹرکچر کے علاوہ دیگر تمام بنیادی سہولتیں مقررہ وقت پر فراہم کردیں۔ حکومت کے پاس فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے، مگر کاموں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ ہاسپٹلس میں سیول وارڈس، آلات، ڈاکٹرس، طبی عملے کے تقررات کا بھی وزیر صحت نے جائزہ لیا اور عہدیداروں کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ دامودر راج نرسمہا نے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو آپس میں تال میل برقرار رکھتے ہوئے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ ان ہاسپٹلس کی تعمیرات کے لئے جو نشانہ مختص کیا گیا ہے اس سے پہلے تعمیرات کو مکمل کرنے کا مشورہ دیا۔ ان چار ہاسپٹلس کے لئے درکار آلات کی خریدی، ڈاکٹرس، تکنیکل ایکسپرٹس کی تجاویز کو بھی قبول کرنے کا مشورہ دیا۔ 2