جمائیکا۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے خوف سے دورہ انگلینڈ سے انکار کردیاہے۔ ویسٹ انڈین بورڈ نے انکار کرنے والے کھلاڑیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شیمرون ہٹمائر، ڈیرن براوو اور کیموپال نے دورہ سے منع کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے جیسن ہولڈر کی قیادت میں 25 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔ جس میں گیارہ ریزورز کھلاڑی شامل ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر بورڈ نے11 اضافی کھلاڑیوں کے نام بھی تجویز کیے ہیں جو خود کو قرنطینہ میں رکھیں گے، ان کو بوقت ضرورت ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ سیریز کا پہلا ٹسٹ 8 سے 12 جولائی تک ہمپشائر میں تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو بھی اگست ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے ، اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کا دورہ انگلینڈ انتہائی اہم ہے اور اس سے کورونا کی موجودگی میں سیریز کے انعقاد کی تیاریوں کا اندازہ ہوجائے گا۔