تین گنا بہترطریقے سے حکومت چلائیں گے ،مودی کا دعویٰ

,

   

18 ویں لوک سبھا کا پہلا سیشن ، پارلیمنٹ کے احاطہ میں میڈیا سے وزیراعظم کا خطاب ۔ نئے ارکان کی حلف برداری

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے 18ویں لوک سبھا کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے آج منتخب ممبران پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سب سے عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ حکومت سب کی رضامندی کے ساتھ چلائیں گے ، اس لیے انہیں امید ہے کہ اپوزیشن ذمہ داری سے کام کرے گی اور عوامی جذبات پر پورا اترے گی۔پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزـیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کے 65 کروڑ عوام نے 18ویں لوک سبھا کے نمائندوں کو امنگوں کے ساتھ منتخب کرکے بھیجا ہے ۔ عوام نے جو اعتماد دکھایا ہے ، ہم سب کو مل کر ان کی امنگوں پر کھرا اترنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سب کی رضامندی سے حکومت چلائیں گے اور اپوزیشن جماعتوں سے امید ظاہر کی کہ وہ بھی عوام کی امنگوں کے مطابق کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج پارلیمانی جمہوریت میں فخر کا دن ہے ۔ آزادی کے بعد پہلی بار ہم اپنی بنائی ہوئی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں حلف لینے جا رہے ہیں۔ اب تک یہ عمل پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا کرتا تھا۔ آج کا دن خاصا اہم ہے اور اس موقع پر میں تمام نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان 2047 جیسے کئی تصورات کو لے کر آج 18ویں لوک سبھا کا آغاز ہورہا ہے ۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے انتخابات انتہائی پرامن اور شاندار طریقے سے ہوئے ہیں۔ یہ ہم سب کیلئے فخر کی بات ہے ۔ انتخابات میں 65 کروڑ سے زیادہ ووٹروں نے حصہ لیا۔انہوں نے 2024 کے انتخابات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن اس لیے اہم ہے کہ آزادی کے بعد دوسری بار کسی حکومت کو مسلسل تیسری بار ملک کے عوام نے خدمت کا موقع دیا ہے اور یہ موقع طویل وقت کے بعد ملک میں آیا ہے اس لئے یہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے ۔ عوام نے تیسری مدت کار کے لئے ہماری حکومت کو موقع دیا اور اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے ہمارے کام پر بھروسہ کیا ہے اور اس پر مہر لگائی ہے ۔ اس لئے میں ہم وطنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔’’وزیراعظم نے کہا، ‘‘ملک کو چلانے کیلئے اتفاق رائے ہوتا ہے اور حکومت بنانے کیلئے اکثریت ہوتی ہے اس لیے ہمارا مقصد سب کو ساتھ لے کر اور سب کی رضامندی سے ملک کے عوام کی خدمت کرنا ہے ۔ ملک کے 140 کروڑ عوام کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنا ہے ۔ ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، سب کو ساتھ لے کر آئین کی حدود پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی رفتار تیز کرنا چاہتے ہیں۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ 18ویں لوک سبھا میں نوجوان ممبران پارلیمنٹ کی اچھی خاصی تعداد ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے تیسرا موقع دیا ہے ۔ یہ بہت بڑی فتح ہے اور اب ہماری ذمہ داری بھی تین گنا بڑھ گئی ہے ، اس لیے میں اہل وطن کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے پاس دو بار حکومت چلانے کا تجربہ ہے اور ہم پہلے سے تین گنا بہتر طریقے سے حکومت چلائیں گے۔ مودی نے کہا کہ ہم نئی ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ تمام اراکین پارلیمنٹ سے ملک کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں، اس لیے میں سب سے گزارش کروں گا کہ اس موقع کو عوامی مفاد کیلئے استعمال کریں اور عوامی مفاد میں ہر ممکن قدم اٹھائیں۔وزیر اعظم نے ترقی یافتہ جماعتوں سے بھی عوامی مفاد میں کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ملک کے عوام اپوزیشن سے اچھے اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔ اب تک اس سے مایوسی ملی ہے لیکن اب امید ہے کہ اپوزیشن عوام کی امنگوں پر پورا اترے گا۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایک اچھے اور ذمہ دار اپوزیشن کی ضرورت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ 18ویں لوک سبھا میں جو ایم پی جیت کر آئے ہیں وہ لوگوں کی امنگوں پر پورا اتریں گے ۔