تین ہزار روپئے قرض کیلئے نوجوان کا قتل

   

نئی دہلی: دہلی کے سنگم وہار علاقے میں پیسوں کے تنازعہ پر ایک 21 سالہ نوجوان کو دوسرے نے چاقو مارکر ہلاک کردیا، یہ بات دہلی پولیس کے ایک اہلکار نے بتائی۔مرنے والے کی شناخت سنگم وہار علاقے کے شانی بازار کے رہنے والے یوسف علی کے طور پر ہوئی ہے۔اس واقعے کی ویڈیو جوسوشل میڈیا پرگردش کر رہی ہے، ایک نوجوان کو دوسرے پر چاقو سے وحشیانہ حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چاقو کے وار سے زخمی نوجوان کے کپڑے خون میں لت پت ہوگئے۔ویڈیو میں ایک شخص کو دوسرے پر بے رحمی سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ پاس کھڑے اور دکاندار دیکھ رہے تھے۔ مداخلت کرنے کے بجائے وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ تاہم کچھ دیر بعد وہاں سے گزرنے والے چند افراد اورآس پاس کے دکانداروں نے بالآخر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو زدوکوب کیا۔ پولیس کے مطابق چہارشنبہ کی صبح ٹگری پولیس اسٹیشن میں ایک لڑکے کو چاقو مارنے کے حوالے سے پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) کال موصول ہوئی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ زخمی یوسف کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔