رانچی، 31 اکتوبر (یو این آئی) افریقی ملک تیونس میں جھارکھنڈ کے ہزاری باغ، گرِیڈیہہ اور بوکارو کے 48 مزدور گزشتہ تین ماہ سے پھنسے ہوئے ہیں، جہاں کمپنی نے ان کی تنخواہیں بند کررکھی ہیں۔ تنخواہیں بند ہونے کے سبب مزدور سنگین غذائی قلت کا شکار ہیں، مزدوروں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے ہندوستان اور جھارکھنڈ حکومت سے فوری مدد کی اپیل کی ہے ، تاکہ وہ بحفاظت اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔ مزدوروں نے بتایا کہ تنخواہ بند ہونے کی وجہ سے ان کے پاس کھانا خریدنے کیلئے پیسے بھی نہیں ہیں۔ تیونس میں پھنسے 48مزدوروں میں ہزاری باغ کے 19، گرِیڈیہہ کے 14اور بوکارو کے 15مزدور شامل ہیں، مزدوروں نے کمپنی سے فوری طور پر بقایہ تنخواہ کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔