ت13تا 15 جنوری تلسنکرات تہوار ، انتظامات کو قطعیت

   

سرکاری سطح پر پتنگ بازی ، وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔6جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلسنکرات کے موقع پر خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں وزیر سیاحت سرینواس گوڑ نے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں تلسنکرات کے محفوظ اور پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ریاست میں منعقد کئے جانے والے 13‘14اور 15 جنوری کو تلسنکرات تہوار کے سلسلہ میں کمشنر پولیس کے علاوہ محکمہ سیاحت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر پتنگ بازی کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے اس تہوار کو محفوظ اور مثالی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسٹر سرینواس گوڑ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پتنگ بازی کو محفوظ بنانے کے لئے متعدد اقدامات کرنے کے علاوہ تہوار کو رنگین بنانے کیلئے بھی کوشش کی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں چینی مانجہ کی فروخت کو روکنے کے لئے پولیس کو مستعد کیا جائے تاکہ چینی مانجہ کے استعمال سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ رہا جاسکے ۔ اجلاس میں کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار‘سیکریٹری محکمہ سیاحت مسٹر بی وینکٹیشم‘مسٹر لوکیش کمارکمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر سرینواس گوڑ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلسنکرات کی سہ روزہ تقاریب کو سالانہ تہوار بنانے پر غور کیا جا رہاہے تاکہ اس تہوار کے دوران عوام کو تلنگانہ کی تہذیب سے واقف کروایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی تہذیب ملک کی مختلف تہذیبوں میں منفرد حیثیت کی حامل ہے اور تلنگانہ ریاست ایک ایسی ریاست ہے جہاں ملک میں منائے جانے والے بیشتر تمام تہوار منائے جاتے ہیں اور حکومت تلنگانہ ہر اس تہوار کا احترام کرتی ہے جو تلنگانہ میں منایا جاتا ہے۔شہر حیدرآباد میں منائے جانے والے اس سہ روزہ تلسنکرات تقاریب کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ سیاحت کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جائیں گے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ اس تہوار کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے بھی متعدد اقدامات کئے جائیں گے اور ان اقدامات کو قابل عمل بنانے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو تفصیلی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ وہ ان پروگرامس کی تشہیر کا سلسلہ جاری رکھیں۔