ثانیہ اور اوساکا کی اولمپک سمر فیسٹول میں شرکت

   

نئی دہلی۔ہندوستان کی اسٹار خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور دو بار کی گرانڈ سلام فاتح نومی اوساکا 24 جولائی کو شروع ہونے والے ورچوئل اولمپین اور پیرالمپینین آن لائن ایکسپیرینسزکے سمر فیسٹیول کا حصہ ہوں گی۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی (آئی پی سی) نے ایر بی این بی کے ساتھ مل کر پانچ روزہ آن لائن سمر فیسٹیول کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں100 سے زیادہ اولمپین اور پیرالمپینین اپنے تجربات شیئرکریں گے ۔اس سال24 جولائی سے اولمپک کھیلوں کا انعقاد ہونا تھا اور اس دن ثانیہ اس آن لائن فیسٹیول میں شرکت کریں گی۔ وہ اپنا وزن کم کرنے کے سفر اور ذہنی صحت کے بارے میں بات کریں گی۔انہوں نے کہا کہ میرا تجربہ ذہنی اور جسمانی صحت سے متعلق ہوگا۔ جب میں حاملہ تھی تو میرا وزن بہت بڑھ گیا تھا جو میں نے کم کیا ۔ میں نے بہت جسمانی ورزش کی اور ذہنی صحت پر بھی کام کیا تھا۔ میرے خیال میں لوگوں کے لئے یہ ایک اچھی چیز ہے کہ وہ اپنے تجربے کو عالمی معیارکے کھلاڑیوں کے ساتھ شئیر کریں ۔ اگر اولمپکس رواں سال نہیں ہونے جارہے ہیں تو میں لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا یہ صحیح طریقہ سمجھتی ہوں۔ میں آپ کو کچھ ایسی مشقیں بتاؤں گی جس نے میری مدد کی۔ ثانیہ نے کہا کہ انہیں صحت مند اور تندرست رہنے کا ایک قدرتی طریقہ مل گیا ہے اور جسمانی ورزشیں مشکل اوقات میں بھی ان کے مثبت رہنے میں مدد کرتی ہیں۔