ممبئی ۔14 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ بڑے پردے پر خود کی زندگی پر بننے والی فلم کے متعلق پرجوش ہیں ، اس کے لئے انھوں نے ڈائرکٹرس سے ملاقات بھی کی ہے ۔ گزشتہ برس ثانیہ مرزا کے متعلق یہ خبر منظرعام پر آئی تھی کہ وہ رونی اسکرو والا جوکہ آر ایس وی ٹی موویز سے تعلق رکھتے ہیں ، ان کے ساتھ ایک معاہدہ بھی طئے ہوا ہے ۔ ثانیہ مرزا جوکہ ڈبلس میں ہندوستان کے لئے گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے والی واحد خاتون کھلاڑی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ میری ڈائرکٹرس کے ساتھ چند ملاقاتیں ہوئی ہیں جس کے لئے میں ممبئی میں مقیم بھی تھی ، تاہم یہ ابتدائی مرحلے کی سرگرمیاں ہیں ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہاہے کہ انھوں نے اپنی زندگی اپنے اصولوں پر گذاری ہے اور یہی تفصیلات وہ اپنے شائقین کو بھی بڑے پردے پر دینے چاہتی ہے اور دیکھنا چاہتی ہے کہ شائقین کا ردعمل کیا ہوتا ہے ۔ انھوں نے مزید کہاکہ جن لوگوں نے میرے کیرئیر کا مشاہدہ کیاہے وہ جانتے ہیں کہ میں نے دل کی گہرائیوں سے اپنا کام کیاہے ۔