کراچی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثناء جاوید کی شادی کی خبروں کے ساتھ ہی شعیب ملک اور سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی خبر بھی سامنے آگئی۔ ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میں باقاعدہ طلاق ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق شعیب ملک کے خاندان میں سے کسی نے شادی میں شرکت نہیں کی، شعیب ملک کا خاندان ثانیہ مرزا سے شادی ختم ہونے پر سخت رنجیدہ ہے۔ شعیب ملک کے نسبتی برادر عمران ظفر نے کہا کہ مجھے بھی شادی کا سوشل میڈیا سے پتہ چلا ہے، خاندان میں سے کوئی شادی میں شامل نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب ملک میں باقاعدہ طلاق ہو چکی ہے، قانونی حیثیت سے شعیب ملک بیٹے کو دبئی میں ملتے رہیں گے، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے تعلقات خراب ہونے پر شعیب ملک کا خاندان دبئی بھی گیا تھا، وہ دو ہفتے 2022 کے آخر میں دبئی رہے، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے گھر قیام کے دوران تعلقات خوشگوار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ شعیب ملک کا خاندان ثانیہ مرزا سے طلاق کے حق میں نہیں تھا، طلاق ہونے پر شعیب ملک کے خاندان کو بہت دکھ ہوا، افراد خاندان نے شعیب ملک کو بھی تعلقات بہتر بنانے کا مشورہ دیا تھا۔ دوسری جانب ثنا جاوید کے ساتھ معاملات ایک عرصے سے چل رہے تھے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے طلاق لی، ثانیہ مرزا شعیب ملک کے دوسری خواتین کے ساتھ میل ملاپ سے خوش نہیں تھیں، وہ ایک عرصے تک نظر انداز کرتی رہیں اور ثانیہ نے انتہائی قدم اٹھایا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کر لی ہے۔