حیدرآباد ۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ایک پوسٹ میں وزن کم کرنے میں درپیش مسائل اور ان کا حل بتا دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا نے اپنے بڑھے ہوئے وزن اور وزن کم کر لینے کے بعد کی تصویر شائع کرتے ہوئے لکھا کہ 89 کلو بمقابلہ 63 کلو۔ انہوں نے لکھا کہ ہم سب کے ہی کچھ اہداف ہوتے ہیں ، اپنے تمام اہداف حاصل کرنے کیلئے صد فیصد کوشش کریں اور پھر نتائج دیکھیں۔ انہون نے اپنا وزن کم کرنے کے حوالے سے کہا کہ ایک بچے کی پیدائش کے بعد صحتمند ہونے اور 26 کلو وزن کم کرنے کا ہدف 4 ماہ میں حاصل ہوا۔انہوں نے لکھا کہ فٹنس حاصل کرنے کے بعدٹینس کورٹ میں واپس آنا اور بڑی سطح پر کھیلنا ایک لمبا سفر دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ اپنے خوابوں کی پیروی کریں، خدا جانتا ہے کہ آپ کی حوصلہ شکنی کے لئے آپ کے اردگردکتنے لوگ موجود ہیں لیکن آپ کو ان سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہئے۔ ثانیہ مرزا نے خود یقین رکھنے کی نصیحت بھی کی۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا 12 اپریل 2010 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ سال 2018کو ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، اسٹار جوڑی نے بیٹے کا نام اذہان مرزا ملک رکھا جس کے معنی دانش اور سمجھدار کے ہیں۔
