ممبئی ۔ عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اسپورٹس اسٹار ایسز انسپائریشنل آئیکون ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔گزشتہ ماہ ٹینس سے سبکدوش ہونے والی ثانیہ مرزا نے اپنے 20 سالہ ٹینس کیریئر میں اپنی شاندار صلاحیتوں اور ناقابل یقین کامیابیوں کے ذریعے عالمی سطح پر ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا۔ ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر اپنی چند نئی تصاویر اور ایک ویڈیو شیئرکی ہے۔ وہ ان تصاویر میں ممبئی میں منعقد کی گئی ایوارڈز کی ایک تقریب میں سابق کرکٹر سنیل گواسکر سے اسپورٹس اسٹار ایسز انسپائریشنل آئیکون ایوارڈ وصول کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔ اْنہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں ایوارڈزکی تقریب کے منتظمین اور اس تقریب میں موجود تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایوارڈز کی تقریب میں ثانیہ مرزا کے 20 سالہ ٹینس کیریئر سے کچھ یادگار جھلکیاں دکھا کر اْنہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔ ثانیہ مرزا نے یہ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ اس 20 سال کے طویل سفرکے دوران ہرکوئی اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ رہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اچھی چیزیں بھی ہمیشہ کے لیے زندگی میں نہیں رہتی ہیں۔