ثانیہ مرزا کے خلاف قانونی کارروائی کا خدشہ

   

مانچسٹر ۔18جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی برطانیہ میں حقہ پینے کی ویڈیوپر برطانوی قانون کے ماہرین کی رائے بھی سامنے آگئی ہے۔ ماہرین کے مطابق برطانوی قوانین کے مطابق بچوں کو شیشہ کیفے میں لے جانا جرم ہے، ایسے والدین کو سزا بھی ہو سکتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق شیشہ کیفے عوامی مقام ہے،نجی جگہ نہیں اس لئے وہاں ویڈیو بنانا بھی غیر قانونی عمل نہیں۔ پاکستانی ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مراز نے ویڈیو بنانے والے پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اجازت اور نجی زندگی میں مداخلت کی پرواکیے بغیر ویڈیو بنائی گئی جبکہ ان کا بچہ بھی ساتھ تھا،وہ ڈنر کیلئے باہر گئے تھے۔ ثانیہ مرزا کا بیان سامنے آنے کے بعد برطانوی قانون کے ماہرین نے کہا کہ 17 سال سے کم عمر بچوں کو شیشہ کیفے میں لے جانا جرم ہے، ایسے والدین کو سزا بھی ہو سکتی ہے، شیشہ کیفے عوامی مقام ہے وڈیو بنانا بھی غیرقانونی عمل نہیں۔ دوسری طرف پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مانچسٹر میں حقہ پینے کی ویڈیو پر پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کو کلین چٹ دے دی ہے۔ پی سی بی کے مطابق میچ کی رات کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی نہیں کی،کھلاڑی اپنے اہلخانہ کیساتھ میچ سے2 روز قبل انتظامیہ سے اجازت لیکرباہر گئے تھے،میچ کی رات تمام کھلاڑی وقت کے مطابق اپنے ہوٹل میں موجود تھے۔ ہندوستان کے خلاف پاکستانی ٹیم کی عبرتناک شکست پر پاکستانی شائقین نے مانچسٹر میں احتجاج کیا۔