ماں بننے کے بعد ٹینس کورٹ میں کامیاب واپسی ، آن لائن ووٹنگ کے ذریعہ انتخاب
نئی دہلی ۔ 11مئی ( سیاست ڈاٹ کام) ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا آج فیڈریشن کپ ہارٹ ایوارڈ جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن گئی۔ یہ ایوارڈ انہیں ماں بننے کے بعد ٹینس کورٹ کو اپنی شاندار واپسی پر دیا گیاہے ۔ ثانیہ نے اس سال کے تین ریجنل گروپ I نامزد امیدواروں کیلئے ڈالے گئے جملہ 16,985 ووٹوں میں سے زائد از 10ہزار حاصل کرتے ہوئے ایشیاء / اوشیانیا ایوارڈ جیتا ۔ فیڈریشن کپ ایوارڈ کے ونرس کا تعین آن لائن ووٹنگ کے ذریعہ ہوتاہے جس میں مداح اور پرستار حصہ لیتے ہیں ۔ یہ ووٹنگ یکم مئی سے ایک ہفتہ تک چلائی گئی ۔ ثانیہ کو زائد از 60فیصد ووٹ حاصل ہونا فیڈریشن کپ کامپٹیشن میں انڈین اسٹار کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے ۔ ثانیہ نے چار سال کے وقفہ کے بعد فیڈریشن کپ میں واپسی کی اور ہندوستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی ہونے میں مدد کی تھی ۔ اکٹوبر 2018ء میں اپنے بیٹے اذہان کے پیدائش کے بعد ثانیہ رواں سال جنوری میں ٹینس کورٹ میں واپس ہوئی تھی ۔ ہر زمرہ کے ونرس کو انعامی رقم کے طور پر 2000امریکی ڈالرس حاصل ہوئے جسے 33سالہ حیدرآبادی اسٹار نے کووڈ۔19 وباء کے خلاف لڑائی کیلئے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ کیلئے عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ثانیہ نے کہا کہ وہ اس رقم کو عطیہ میں دینا چاہتی ہیں ۔ تلنگانہ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب مشکل دور جاری ہے ۔ اس لئے چیف منسٹرس ریلیف فنڈ کیلئے عطیہ دے رہی ہیں ۔
