حیدرآباد ۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو اُس وقت بڑی راحت ملی جب انھیں وزارت یوتھ افیرس اینڈ اسپورٹس کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی کہ ان کے بیٹے اذہان اور بہن انم کو برطانیہ جانے کا ویزا ملا ہے ۔ ثانیہ مرزا نے بیٹے اور بہن کو ویزا ملنے پر ہندوستانی حکام کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور لندن کے حکام سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ ثانیہ مرزا انگلینڈ کے دورے پر متعدد سیریز میں شرکت کریں گی جس میں ٹوکیو اولمپکس سے قبل ومبلڈن بھی قابل ذکر ہے ۔ گزشتہ دو ہفتوں سے ثانیہ مرزا اپنے بیٹے اور بہن کے ویزا کے حصول کیلئے بیتابی سے انتظار کررہی تھیں اور اس کیلئے انھوں نے وزارت اسپورٹس سے بھی ٹویٹ کے ذریعہ تعاون کرنے کی اپیل کی تھی ۔ ثانیہ مرزا نے کہاکہ وہ ہندوستان کی نمائندگی کے وقت صد فیصد مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن اب بیٹے کے بغیر بیرون ملک سفر کرنا اور کھیل پر مکمل توجہہ مرکوز کرنا آسان نہیں ۔ 34 سالہ حیدرآبادی ٹینس اسٹار نے مزید کہا کہ بیٹے کے ویزے کا مسئلہ انھیں پریشان کررہا تھا اور وہ کافی بے چینی کے ساتھ ویزا کے حصول کی خبر کا انتظار کررہی تھیں۔ثانیہ مرزا نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ ہونے کی وجہ سے کھیل پر پوری توجہ دے پائیں گی اور نتائج بھی بہتر ہوں گے۔