ثبوت کے باوجود کے سی آر کے خلاف امیت شاہ کارروائی کیوں نہیں کرتے

   

کانگریس ارکان پارلیمنٹ کا سوال، کانگریس کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ، کسانوں کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو چیلنج کیا کہ وہ کے سی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کا اعلان کریں۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی، اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ امیت شاہ نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ کے سی آر کی بدعنوانیوں کو عوام میں بے نقاب کریں۔ امیت شاہ نے کرپشن کے ثبوت کی موجودگی کا دعویٰ کیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہاکہ اگر امیت شاہ کے پاس ثبوت موجود ہوں تو پھر تحقیقات کا اعلان کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔ امیت شاہ کو ثبوت کی بنیاد پر فوری کارروائی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر کے کرپشن میں بی جے پی حصہ دار ہے؟ ۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر دونوں پارٹیوں نے کسانوں کے مسئلہ پر ٹکراؤ کی ڈرامہ بازی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے بی جے پی قائدین کو مشورہ دینا مضحکہ خیز ہے جبکہ وہ خود تحقیقات اور کارروائی کا اختیار رکھتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ کے سی آر کے خلاف کارروائی میں آخر کونسی طاقت رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ کشن ریڈی اور بنڈی سنجے نے بارہا کہا تھا کہ کے سی آر کو جیل بھیجا جائے گا لیکن بی جے پی نے ابھی تک سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے کوئی شکایت نہیں کی ہے حتیٰ کہ مرکزی وزارت داخلہ سے بھی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس حقیقی مسائل اور اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے کسانوں کے مسئلہ پر سیاست کررہے ہیں۔ چونکہ تلنگانہ میں عوام باشعور ہوچکے ہیں لہذا دونوں پارٹیوں کے قائدین دہلی میں بیٹھ کر ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کو کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے خوف لاحق ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی گاؤں گاؤں پہنچ کر رچہ بنڈہ کے ذریعہ عوام کو کے سی آر کے کرپشن سے واقف کرائے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سنیل نامی سیاسی حکمت عملی کے ماہر کے مشورہ پر دونوں پارٹیاں کام کررہی ہیں۔ سنیل کون ہیں اور امیت شاہ سے ان کا کیا تعلق ہے اور انہوں نے کس سے ملاقات کی اس کی تفصیلات بہت جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔ سیاسی حکمت ساز سنیل کے مشورہ پر ٹی آر ایس اور بی جے پی کام کررہے ہیں۔ کانگریس کو روکنے کیلئے سنیل نے جو حکمت عملی تیار کی ہے اس کے ڈائرکٹر امیت شاہ ہیں جبکہ کے سی آر ایکٹنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہات کی سطح پر کانگریس کی مقبولیت میں اضافہ ہوچکا ہے لہذا دونوں پارٹیوں نے مشترکہ طور پر سازش کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کالیشورم اور مشن بھگیرتا میں کرپشن اور بدعنوانیوں سے ہر کوئی واقف ہے باوجود اس کے امیت شاہ کا پارٹی قائدین کو مشورہ دینا مضحکہ خیز ہے۔ بدعنوانیوں کے بارے میں عوام اچھی طرح جانتے ہیں لہذا مرکز کو سی بی آئی یا ویجلینس کمشنر کے ذریعہ تحقیقات کا اعلان کرنا چاہیئے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو انصاف دلانے تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ر